پشاور (پی این پی) خیبر پختونخوا میں آئندہ چند روز کے دوران موسم کی صورتحال تبدیل ہونے کا امکان ہے،
جس کے پیشِ نظر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے بیشتر اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق کل سے 13 جون تک مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی توقع ہے۔ ممکنہ خراب موسمی حالات کے باعث ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی احتیاطی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
جاری کردہ الرٹ کے مطابق چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، بونیر اور کوہستان میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان موجود ہے۔ اسی طرح مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ نے پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم اور اورکزئی سمیت کئی میدانی علاقوں میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ متعدد مقامات پر ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور مالاکنڈ کے برساتی نالوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان کے لیے بھی فلیش فلڈ کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق پشاور، مردان اور نوشہرہ میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ موجود ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں، سائن بورڈز اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کاشتکاروں کو اپنی فصلوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور امدادی ٹیموں کو ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
PNP
Comments are closed.