25 لڑکیوں کی خفیہ ریکارڈنگ اور بلیک میلنگ، قصور سے چونکا دینے والا سکینڈل سامنے آگیا
اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) قصور کے علاقے میں ایک مرتبہ پھر مبینہ بلیک میلنگ اور نازیبا ویڈیوز سے متعلق ایک سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق تھانہ کھڈیاں کی حدود میں واقع قبر کوٹ کے علاقے میں چند نوجوانوں کی جانب سے خواتین کو ہنی ٹریپ کے ذریعے بلیک میل کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق پانچ نوجوان مبینہ طور پر گزشتہ چند برسوں سے متعدد لڑکیوں کی آڈیوز، ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے انہیں دباؤ میں لانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ خواتین کی بڑی تعداد اس معاملے سے متاثر ہوئی ہے۔ایک متاثرہ لڑکی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مبینہ ملزمان ابتدا میں دوستی اور محبت کا تاثر دے کر لڑکیوں کا اعتماد حاصل کرتے تھے۔ بعد ازاں ان کی گفتگو کو ریکارڈ کر لیا جاتا اور اسی بنیاد پر انہیں مختلف طریقوں سے بلیک میل کیا جاتا تھا۔متاثرہ افراد کے مطابق بعض مواقع پر لڑکیوں کو تنہائی میں بلایا جاتا اور ان کی تصاویر یا ویڈیوز بنا کر انہیں مزید دباؤ میں رکھنے کی کوشش کی جاتی۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ مبینہ طور پر ایک گھر میں کیمرے نصب کیے گئے تھے جبکہ موبائل فونز کے ذریعے بھی ریکارڈنگ کی جاتی رہی۔ایک اور متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ اسے دوسری لڑکیوں کی مبینہ ویڈیوز دکھا کر دھمکایا گیا اور کہا گیا کہ اگر وہ انکار کرے گی تو اس کی معلومات بھی عام کر دی جائیں گی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ کئی برسوں سے جاری تھا، تاہم متاثرہ خاندانوں نے بدنامی کے خوف سے قانونی کارروائی سے گریز کیا۔ بعض لڑکیوں کا مؤقف ہے کہ سماجی دباؤ اور خاندان کی عزت کے باعث وہ پولیس سے رجوع نہیں کر سکیں۔پولیس حکام کے مطابق تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی، تاہم عوامی سطح پر اس معاملے پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ علاقہ مکینوں نے حکومت پنجاب اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ الزامات کی شفاف تحقیقات کر کے ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
PNP
Comments are closed.