پاکستان فٹبال فیڈریشن کا عدیل رزکی کو ٹیکنیکل ڈائریکٹر مقرر کرنے کا اعلان
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے عدیل رزکی کو ٹیکنیکل ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔
عدیل رزکی یکم جولائی 2026ء سے فیڈریشن کے نئے ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
اس سے قبل وہ پاکستان ویمنز نیشنل فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں، حال ہی میں انہوں نے پاکستان مینز نیشنل ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں مسٹر نولبرٹو سولانو کے اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں پاکستان نے مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔
رزکی یوئیفا اے لائسنس ہولڈر ہیں اور 2019ء کے بعد پی ایف ایف کے پہلے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ہوں گے، اپنی نئی ذمے داری میں وہ پاکستان میں فٹبال کی تکنیکی ترقی کے قومی پروگرام کی قیادت کریں گے اور گراس روٹس، ویمنز فٹبال، کوچز کی تربیت اور یوتھ فٹبال سمیت کھیل کے تمام شعبوں کے لیے طویل المدتی حکمتِ عملی تیار کریں گے تاکہ ان تمام شعبوں کو ایک مربوط ترقیاتی نظام کے تحت آگے بڑھایا جا سکے۔
وہ تکنیکی امور اور کوچنگ سے متعلق معاملات پر پی ایف ایف ایگزیکٹو کمیٹی کو بھی مشاورت فراہم کریں گے، عدیل رزکی کی تقرری پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کی جانب سے پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے اٹھایا جانے والا ایک اور اہم قدم ہے۔
صدر سید محسن گیلانی نے کہا کہ ’کسی بھی فٹبال فیڈریشن کے لیے تکنیکی ترقی سب سے اہم شعبوں میں سے ایک ہوتی ہے اور ٹیکنیکل ڈائریکٹر ملک میں فٹبال کی ترقی کے پروگرام کی سمت متعین کرنے اور اس کی قیادت کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’عدیل کی تقرری کے ساتھ ہم ملک میں فٹبال کی ترقی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہم اپنے مطلوبہ اہداف کے حصول کی جانب مؤثر پیشرفت کریں گے‘
محسن گیلانی نے یہ بھی کہا کہ ’مسٹر رزکی، جو اس وقت پی ایف ایف کانگریس کے رکن بھی ہیں، ٹیکنیکل ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کانگریس کی اپنی ذمہ داری سے الگ ہو جائیں گے‘
PNP
Comments are closed.