by Rao Imran Suleman
Rao Nama

شیخ حسینہ کا رواں سال وطن واپسی کا اعلان

بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ نے جلاوطنی کے دوران ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ اسی سال وطن واپس آنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور کسی بھی رکاوٹ کے باوجود اپنے ملک پہنچیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف مقدمات اور سزائے موت کا فیصلہ ان کے مطابق سیاسی انتقامی کارروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی لیگ کو ختم نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ عوامی حمایت اور تاریخ سے جڑی ہوئی ایک بڑی تحریک ہے۔
بھارتی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں شیخ حسینہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی سیاست ذاتی اقتدار کے لیے نہیں بلکہ بنگلہ دیش میں جمہوریت، قانون کی بالادستی اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے ہے۔ ان کے مطابق وہ شیخ مجیب الرحمٰن کے وژن “سنہری بنگلہ” کی تکمیل کے لیے کام کرتی رہی ہیں۔
انہوں نے اپنے خلاف عدالتی فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں غیر منصفانہ اور سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ اداروں کو ان کی جماعت کو کمزور کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
شیخ حسینہ نے اپنی ذاتی زندگی کے نشیب و فراز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی بڑے سانحات اور حملوں کا سامنا کر چکی ہیں، مگر ان کے حوصلے کم نہیں ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ پانچ مرتبہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوئیں اور اپنے دورِ حکومت میں ملک کی ترقی کے لیے کام کرتی رہیں، اسی لیے وہ پر اعتماد ہیں کہ تمام مشکلات کے باوجود وہ جلد اپنے وطن واپس لوٹیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی لیگ نے اپنی طویل سیاسی تاریخ میں کئی بار پابندیوں اور دباؤ کا سامنا کیا، مگر ہر بار یہ جماعت عوامی حمایت کے باعث دوبارہ مضبوط ہو کر سامنے آئی۔

PNP

Comments are closed.