سلمان اکرام راجا نے پارٹی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات پر شکوک و شبہات کا اظہار کردیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اپنی ہی پارٹی کے رہنماؤں اور وکلا کی جیل میں عمران خان سے ملاقات پر شکوک و شبہات کا اظہار کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات کے کچھ مقاصد تھے، ملاقات میں سیاسی بات کرنے کا موقع بھی دیا گیا، آئندہ مزید منظور نظر لوگوں کو بھی ملاقات کیلئے بھیجا جا سکتا ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ملاقاتوں کے لیے میں نام دوں گا اور اس کے مطابق ملاقات کروائی جائے، سلمان صفدر اپنے وعدے کے پکے ہیں کسی سیاسی اجتماع سے خطاب یا پریس کانفرنس نہیں کریں گے، بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، میری جگہ کوئی متبادل نام مانگنے کی بات سلمان صفدر نے نہیں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی زرا سا بھی اشارہ کریں گے تو میں بالکل سلام کروں گا اور آگے بڑھ جاؤں گا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ گورننس کے لیے چھوٹے صوبے اور یونٹس ہوں، لیکن اس کا طریقہ یہ نہیں کہ جبر کے ماحول میں جہاں ووٹ کی عزت نہیں اور اتنا بڑا فیصلہ کرلیں، یہ کام تب ہو سکتا ہے جب ووٹ صحیح طریقے سے گنے جائیں اور نظام میں شفافیت ہو۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آئین میں ریفرنڈم کے ذریعے صوبے بنانے کی کوئی گنجائش نہیں، ریفرنڈم کے ذریعے صوبے بنانے کے لیے آئین میں بنیادی تبدیلی کرنا ہوگی، پورے نظام میں جب ووٹ کی حرمت نہیں تو ریفرنڈم کی حرمت کیسے پیدا ہوگی، پہلے یہ طے کرنا ہے کہ اگر آئین میں تبدیلی کرکے ریفرنڈم کی جانب جانا ہے تو کیسے ووٹ کی حرمت پیدا کریں؟
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس اسمبلی کی آئینی ترمیم کو کیا ہم مان سکتے ہیں؟ اس پر بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایات نہیں آئیں، بانی پی ٹی آئی کا موقف اس اسمبلی سے متعلق واضح ہے اس لیے ہم نے 26 اور 27ویں ترمیم نہیں مانی۔
PNP
Comments are closed.