by Rao Imran Suleman
Rao Nama

فیفا ورلڈ کپ، راؤنڈ آف 16: ارجنٹینا نے مصر سے یقینی جیت چھین لی

فوٹو: سوشل میڈیا

دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ میں ناک آؤٹ مرحلے کا میچ کھیلنے والی مصر سے یقینی جیت چھین کر ایونٹ سے باہر کردیا، میچ کے 79ویں منٹ تک 0-2 کے خسارے میں رہنے والی ارجنٹینا کی ٹیم میچ جیت گئی۔

امریکا کے اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا، جہاں محمد صلاح کی قیادت میں میسی کی ارجنٹینا کا ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور کرنے کےلیے میدان میں اتری۔ 

مصر نے ابتدا سے ہی میچ میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ارجنٹینا کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ 

افریقی ٹیم کو پہلی کامیابی میچ کے 15ویں منٹ میں ہی مل گئی جب یاسر ابراہیم نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی۔ 

تاہم اس کے بعد میچ کے 21ویں منٹ میں مصری کھلاڑی کے فاؤل کے باعث ارجنٹینا کو پنالٹی کا موقع ملا تاہم سپر اسٹار لیونل میسی کی اسٹرائیک کو مصری گول کیپر نے روک کر نہ صرف ارجنٹینا بلکہ پوری دنیا کو حیران کردیا۔ 

مصر نے میچ میں اپنی گرفت برقرار رکھی اور 67ویں مصطفیٰ زیکو نے اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلادی۔ 

ایسے میں جہاں مصر کی جیت آسان نظر آرہی تھی، وہاں ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کیا اور 4 منٹ کے فرق سے دو گول کرکے میچ 2-2 سے برابر کردیا۔ 79ویں منٹ میں رومیرو جبکہ 83 ویں منٹ میں لیونل میسی نے گیند کو جال میں پہنچایا۔

اختتامی لمحات میں انجری ٹائم کے دوران ارجنٹینا کے اینزو فرنینڈس نے ایک اور گول کرکے میچ کا اسکور 2-3 کردیا اور اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔

اس فتح کے ساتھ ہی ارجنٹینا کی ٹیم کوارٹرفائنل میں پہنچ گئی جہاں اس کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔



PNP

Comments are closed.