مسلح افواج خود کو جنگ کی نئی نوعیت میں ڈھال رہی ہیں، ملکی امن و ترقی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر: سرحد پار دہشت گردی پوری قوت سے کچلی جائے گی، دشمن کی سازشوں سے مکمل آگاہ ہیں
اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سازشوں سے ریاست مکمل طور پر آگاہ ہے، جبکہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسران سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ جنگ کی نوعیت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور پاکستان کی مسلح افواج بھی اپنی حکمتِ عملی، استعداد اور صلاحیتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک بصیرت، ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر قیادت ہی پیچیدہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے ادارے مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کو ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے زیرِ سرپرستی سرگرم پراکسی نیٹ ورکس پاکستان کے امن، استحکام اور معاشی ترقی کو نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچلے گی اور قوم کی حمایت سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنگیں میڈیا کے شور یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد، نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور مضبوط عزم سے جیتی جاتی ہیں۔ فیلڈ مارشل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے گریجویٹنگ افسران کو دیانت، بے لوث خدمت، اعلیٰ پیشہ ورانہ اقدار اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو اپنی عملی زندگی کا شعار بنانے کی تلقین کی۔
اس سے قبل نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی آمد پر صدر این ڈی یو نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔