ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے دفاعی نظام نے ایک امریکی ایم کیو 9 ڈرون کو مار گرایا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی دفاعی نظام کے ذریعے کی گئی۔
ایرانی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی فوج کے ریڈار نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ امریکی فوجی تنصیبات اور پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام پر ڈرون حملوں کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل امریکا نے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں ایران شہر کے قریب بمپور گیریژن کو نشانہ بنایا تھا، جہاں امریکی میزائل حملوں میں فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بوشہر میں تین مختلف مقامات پر بمباری کی گئی، تاہم ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ چابہار میں سمندری نگرانی کے ایک ٹاور کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکومت کے ترجمان نے حالیہ امریکی حملوں سے متعلق دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان واقعات میں 30 شہری جاں بحق جبکہ 260 افراد زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق زخمیوں میں سے 222 افراد کو طبی امداد کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ 3 زخمیوں کی عمر 18 سال سے کم ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے میں فوجی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، تاہم فریقین کے بیشتر دعوؤں کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔
PNP
Comments are closed.