by Rao Imran Suleman
Rao Nama

آبنائے ہرمز کشیدگی:بھارت نے بحری عملے کی تعیناتی محدود کر دی

نئی دہلی: خلیجی خطے اور آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی سیکیورٹی کشیدگی کے پیش نظر بھارت نے اپنے بحری عملے کے تحفظ کے لیے نئے احتیاطی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارتی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میری ٹائم ایڈمنسٹریشن نے شپنگ کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ آئندہ احکامات تک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر بھارتی شہریوں کی تعیناتی سے گریز کیا جائے۔

حکام کے مطابق یہ ہدایات جہاز مالکان، شپ مینجمنٹ کمپنیوں اور متعلقہ اداروں پر یکساں طور پر لاگو ہوں گی۔ ساتھ ہی خلیج عرب، آبنائے ہرمز اور قریبی سمندری علاقوں میں غیر معمولی احتیاط برتنے اور سیکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام بحری آپریٹرز بین الاقوامی سیکیورٹی ضوابط پر سختی سے عمل کریں، تازہ ترین حفاظتی ہدایات سے آگاہ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ خطے کی بدلتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید حفاظتی اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی کو درپیش خطرات اور تجارتی جہازوں پر حالیہ حملوں کے باعث عالمی شپنگ سیکٹر دباؤ کا شکار ہے، جس کے پیش نظر مختلف ممالک اپنے بحری عملے کے تحفظ کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات اختیار کر رہے ہیں۔

PNP

Comments are closed.