ارجنٹینا کے صدر خاویر میلئی فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خاویر میلئی ایک وہم کا شکار ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ارجنٹینا کی ٹیم کی جیت کا راز ان کے روزانہ کے معمول میں پوشیدہ ہے۔
ارجنٹینا کی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کے بعد جب ارجنٹینا کے صدر سے یہ پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے قریبی اتحادی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے کے لیے نیو جرسی جائیں گے؟
انہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہیں، میں فائنل گھر پر بیٹھ کر دیکھوں گا۔
خاویر میلئی نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ میں نے گزشتہ تمام میچز بھی گھر پر بیٹھ کر ہی دیکھے ہیں، چونکہ ابھی سردی ہے تو جب سوئٹزر لینڈ کے خلاف میچ تھا تو میں نے ایک بھاری جیکٹ پہنی ہوئی تھی پھر جب مجھے اچانک محسوس ہوا کہ جیکٹ نے میرے جسم کو بہت زیادہ گرم کر دیا ہے تو میں نے جیکٹ اتار دی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں نے جیسے ہی جیکٹ اتاری تو سوئٹزر لینڈ نے ہمارے خلاف ایک گول کر دیا، جس کے بعد میں نے جیکٹ دوبارہ پہن لی اور میچ ختم ہونے تک پہنے رکھی۔
ارجنٹینا کے صدر نے کہا کہ میں اب فیفا ورلڈ کپ کا فائنل دیکھتے ہوئے بھی وہ جیکٹ پہنوں گا۔
واضح رہے کہ خاویر میلئی کی طرح ارجنٹینا کے عوام میں بھی اپنی ٹیم کی کامیابی کے لیے اسی طرح کے خیالات پائے جاتے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ ارجنٹینا کے صدور کی میچز میں شرکت نہ کرنے کی ایک بڑی وجہ 1990ء کی ایک تاریخ بھی ہے۔
1990ء میں جب اس وقت کے صدر کارلوس مینم ارجنٹینا کا میچ دیکھنے گئے تھے تو ٹیم کو پہلے ہی میچ میں کیمرون سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس وقت سے اب تک ارجنٹینا کا کوئی بھی صدر اپنی ٹیم کا میچ براہِ راست دیکھنے اسٹیڈیم نہیں گیا۔
PNP
Comments are closed.