ترکیہ کے مشرقی صوبے ملاتیا میں 5.0 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (آفاد) کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 20 منٹ پر آیا، جس کا مرکز ضلع بطلغازی تھا، جبکہ اس کی گہرائی 15.59 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے جھٹکے صرف ملاتیا تک محدود نہیں رہے بلکہ قریبی صوبوں الازیغ، آدی یامان، تونج ایلی اور شانلی عرفہ میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔
آفاد نے بتایا کہ ابتدائی جائزے کے مطابق زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ترکیہ کے وزیر ماحولیات، شہری ترقی اور موسمیاتی تبدیلی مراد کورم نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم این سوسیال (NSosyal) پر جاری بیان میں کہا کہ بطلغازی میں آنے والے زلزلے کے بعد تاحال کسی غیر معمولی یا منفی صورتحال کی اطلاع نہیں ملی، تاہم متعلقہ ادارے موصول ہونے والی تمام اطلاعات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔
PNP
Comments are closed.