وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دانش اسکولز کے طلبا کی کامیابیاں انتہائی متاثر کن ہیں، پاکستانی نوجوانوں میں اپنی زندگیاں اور ملک کی تقدیر سنوارنے کی صلاحیت موجود ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان اپنی ذہانت، محنت اور انتھک کوششوں سے پاکستان کو اقوامِ عالم میں نمایاں مقام دلا سکتے ہیں، مالی مشکلات کی وجہ سے کسی ذہین بچے کو معیاری تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے، غریبوں کے بچے ایچی سن جیسے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے، اس وژن کے تحت 2010 میں دانش اسکول جیسے تعلیمی ادارے کی بنیاد رکھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکول کے قیام کا بنیادی مقصد بچوں کو یکساں معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا تھا، اشرافیہ کی طرح غریب خاندانوں کے بچوں کو بھی تعلیم کے برابر مواقع ملنے چاہئیں، معیاری تعلیم اور مساوی مواقع کی فراہمی ضروری ہے، آج وزیراعظم کی حیثیت سے نہیں بلکہ خادم کی حیثیت سے آیا ہوں، دانش اسکولز پر دستاویزی فلموں اور طلبا کے تاثرات نے دلوں کو چھو لیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی بچی امید اور حوصلے کی روشن مثال ہے، خصوصی صلاحیتوں کی حامل بچی کی داستان غیر متزلزل عزم کی کہانی ہے، محنت کش والدین شدید گرمی اور سردی میں حلال روزی کماتے ہیں، مالی مشکلات کی باعث کسی بچے کو معیاری تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ دانش اسکولز معروف اداروں سے بھی بہتر ثابت ہوں، یہاں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں، دانش اسکولز کا منصوبہ پنجاب سے نکل کر اب پورے پاکستان میں پھیل رہا ہے، انصاف، میرٹ اور مساوی مواقع پر مبنی معاشرہ قیامِ پاکستان کی اساس ہے۔
PNP
Comments are closed.