امریکی فٹبال گراؤنڈ میں گاڑی گھس گئی، 6 سالہ بچے سمیت 2 افراد ہلاک
امریکی ریاست کنساس کے شہر وچیٹا میں بچوں کے فٹبال میچ کے دوران ایک پک اَپ ٹرک کھیل کے میدان میں داخل ہوگئی، جس کے نتیجے میں 6 سالہ بچے اور 35 سالہ شخص ہلاک جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اسٹرائیکر اسپورٹس کمپلیکس میں پیش آیا، جہاں بچوں کا فٹبال میچ جاری تھا۔ 34 سالہ خاتون گاڑی چلا رہی تھی اور اس کے اپنے دو کم عمر بچے بھی گاڑی میں موجود تھے۔ واقعے کے بعد خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ خاتون تفتیش میں تعاون کر رہی ہے، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گاڑی حادثاتی طور پر میدان میں داخل ہوئی یا اس کے پیچھے کوئی دانستہ عمل کارفرما تھا۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں، جن کی عمریں 5 سے 9 سال کے درمیان ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی زخمی کی حالت جان لیوا قرار نہیں دی گئی۔
واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ پولیس نے عینی شاہدین سے اپیل کی ہے کہ وہ واقعے سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر فراہم کریں تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔
حادثے کے بعد اسپورٹس کمپلیکس میں شیڈول دیگر سرگرمیاں بھی منسوخ کردی گئیں۔
PNP
Comments are closed.