ایران کا بڑا جوابی حملہ، کویت، بحرین اور اردن میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بناڈالا
بحرین میں امریکی ڈرونز کا ڈپو اور اے آئی مرکز تباہ کرنے کا ایرانی دعویٰ
ویب ڈیسک: امریکا کے مسلسل ساتویں رات حملوں کے جواب میں ایران نے کویت، بحرین اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق شمالی بحرِ ہند میں موجود ایک امریکی بحری جہاز پر بھی کروز میزائل سے حملہ کیا گیا، جبکہ خبردار کیا گیا ہے کہ اگر امریکی حملے جاری رہے تو بھرپور جوابی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین میں امریکی ڈرونز کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے ذریعے ایک مصنوعی ذہانت کے مرکز کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
دوسری جانب کویت کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ آج صبح ملکی فضائی حدود میں داخل ہونے والے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کا سراغ لگا کر انہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ایرانی حملوں کے دوران کویتی فوج کے کئی مراکز اور فوجی کیمپ بھی ڈرون حملوں کی زد میں آئے، جس کے نتیجے میں زمینی افواج کے متعدد اہلکار زخمی ہوئے، تاہم تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
کویتی فوج کے مطابق ایک بجلی گھر اور سمندری پانی کو پینے کے قابل بنانے والے ڈی سیلینیشن پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے پلانٹ کے ایک اہم حصے میں آگ بھڑک اٹھی اور بجلی پیدا کرنے والے بعض یونٹس کو نقصان پہنچا۔
ادھر اردن کی فوج نے کہا ہے کہ آج صبح سویرے ملکی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایران کے 10 میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے تباہ کر دیا۔ فوج کے مطابق کارروائی کے دوران نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی کسی قسم کا مالی نقصان پہنچا، جبکہ رائل انجینیئرز کی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں سے میزائلوں کا ملبہ ہٹانے اور علاقے کو محفوظ بنانے کا کام شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب بحرین میں چند ہی گھنٹوں کے دوران تیسری مرتبہ فضائی حملے کے ہنگامی سائرن بج اٹھے، جس کے بعد حکام نے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث صورتحال بدستور انتہائی کشیدہ ہے۔