روس میں مسافر بس پر یوکرینی ڈرون حملہ،5 افراد ہلاک، 23 زخمی
روس کے سرحدی بیلگورود ریجن میں یوکرین سے منسوب ڈرون حملے میں ایک مسافر بس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 23 افراد زخمی ہوگئے۔
بیلگورود ریجن کے قائم مقام گورنر الیگزینڈر شووایف کے مطابق ڈرون حملہ شیبیکینو شہر میں کیا گیا، جہاں ایک مسافر بس کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چار خواتین اور ایک کم عمر لڑکا شامل ہیں، جبکہ ہلاک افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
گورنر نے بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والے 23 افراد کو شیبیکینو ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں 17 سالہ نوجوان بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور طبیعت سنبھلتے ہی انہیں مزید علاج کے لیے بیلگورود کے بڑے اسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔
الیگزینڈر شووایف نے اس واقعے کو “غیر انسانی اور گھناؤنا حملہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے خطے کے لیے انتہائی افسوسناک ہے۔
بیلگورود ریجن کے پراسیکیوٹر آفس کے مطابق متاثرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے، جبکہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات اور قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کرسک ریجن کے گورنر الیگزینڈر خِنشٹین نے حملے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ 18 جولائی کو بھی بیلگورود ریجن کے گاؤں دوبوووئے میں ایک مسافر بس پر یوکرینی حملہ کیا گیا تھا، جس میں ایک شخص ہلاک اور چار افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں 16 سالہ لڑکی بھی شامل تھی۔ بعد ازاں شدید زخمی ہونے والا ایک شخص اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں دم توڑ گیا۔ روسی حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں ایسے حملوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
PNP
Comments are closed.