by Rao Imran Suleman
Rao Nama

خیرپور میں ذخیرہ اندوزوں سے مبینہ ملی بھگت کا الزام محکمہ خوراک کے 5 افسران معطل

کراچی (پی این پی) وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان نے گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران سامنے آنے والی سنگین بے ضابطگیوں پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں سے مبینہ ملی بھگت پر ضلع خیرپور سے تعلق رکھنے والے محکمہ خوراک کے پانچ افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  معطل کیے گئے افسران میں فوڈ سپروائزر شفاعت بلوچ، ندیم احمد شیخ، خلیل احمد میمن، نصیر احمد میمن اور فوڈ انسپکٹر وحید احمد شیخ شامل ہیں۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ ملوث افسران نے مبینہ طور پر کارروائی سے قبل گندم کے ذخائر خفیہ طور پر دوسری جگہ منتقل کرائے، جبکہ بعض اہلکاروں نے چھاپوں کی پیشگی اطلاع بھی ذخیرہ اندوزوں تک پہنچائی۔

 مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے سہولت کار سرکاری اہلکاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے پانچوں معطل افسران کے خلاف شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مبنی محکمانہ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ عوام کو سستا آٹا فراہم کرنا اور گندم کی بلا تعطل فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔



PNP

Comments are closed.