بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ایک ایک آنکھ ضائع ہوچکی ہے، مریم ریاض وٹو کا دعویٰ
اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے جیل میں موجود دونوں رہنماؤں کی صحت اور سہولیات سے متعلق متعدد سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مریم ریاض وٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں کی ایک ایک آنکھ شدید متاثر ہو چکی ہے۔ ان کے بقول، عمران خان کی بینائی پہلے ہی کافی حد تک کم ہو چکی تھی، جبکہ بشریٰ بی بی کو بھی آنکھوں کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بشریٰ بی بی نے انہیں بتایا تھا کہ آنکھ کے پردے میں خرابی آنے کے باوجود کئی روز تک مناسب طبی سہولت فراہم نہیں کی گئی، جبکہ دوسری آنکھ کے علاج کے لیے بعد میں لیزر کا عمل کیا گیا۔مریم ریاض وٹو نے جیل کے ماحول پر بھی اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کے سیل میں صفائی کے مسائل موجود ہیں۔ ان کے مطابق کھلے گٹر کے باعث چوہے سیل میں داخل ہو جاتے ہیں اور ایک موقع پر نماز کی ادائیگی کے دوران چوہے ان پر گر گئے تھے۔انہوں نے مزید الزام لگایا کہ بارش کے دوران سیل میں موجود سوئچ بورڈ میں کرنٹ آ جاتا ہے، جس کے باعث بشریٰ بی بی کو دو مرتبہ بجلی کا جھٹکا لگ چکا ہے۔ ان کے بقول بعد ازاں انہیں احتیاط کے طور پر لکڑی کا چمچ دیا گیا تاکہ اسی کی مدد سے برقی سوئچ استعمال کریں۔
سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے مریم ریاض وٹو نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں اہم عہدے کے لیے سہیل آفریدی کے ساتھ تیمور جھگڑا کو بطور ڈپٹی تعینات کرنے کی ہدایت دی تھی تاکہ انتظامی امور میں رہنمائی فراہم کی جا سکے، تاہم ان کے مطابق اس تجویز پر عمل نہیں کیا گیا۔انہوں نے پارٹی قیادت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے واضح مؤقف اختیار کیا جائے اور مفاہمت یا مزاحمت میں سے کسی ایک راستے پر مستقل انداز میں آگے بڑھا جائے۔نوٹ: مذکورہ تمام دعوے مریم ریاض وٹو کی جانب سے کیے گئے ہیں، جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
PNP
Comments are closed.