کراچی ( پی این پی )پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا اضافی چارج باضابطہ طور پر سنبھال لیا۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی 4 سالہ آئینی مدت گزشتہ روز مکمل ہو گئی تھی، جس کے بعد حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو کو مستقل وائس چانسلر کی تقرری تک جامعہ کراچی کی اضافی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔جامعہ کراچی پہنچنے پر رجسٹرار، ڈینز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، افسران اور ملازمین نے ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر انہیں گلدستے پیش کیے گئے جبکہ جامعہ کی انتظامیہ نے انہیں مختلف شعبوں اور جاری انتظامی امور سے متعلق ابتدائی بریفنگ بھی دی۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق چارج سنبھالنے کے بعد اساتذہ، افسران اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو نے کہا کہ جامعہ کراچی ملک کی سب سے بڑی اور تاریخی درسگاہ ہے، جہاں ہزاروں طلباء زیرِ تعلیم ہیں، اس لیے اس ادارے کو درپیش مسائل بھی دیگر جامعات کے مقابلے میں زیادہ اور پیچیدہ ہیں۔ اگرچہ مجھے اضافی چارج سونپا گیا ہے، تاہم جب تک یہ ذمے داری میرے پاس رہے گی، میں جامعہ کراچی کے انتظامی، تعلیمی اور مالی مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا۔
انہوں نے اساتذہ اور ملازمین کو یقین دلایا کہ میرے دفتر کے دروازے ہر فرد کے لیے کھلے رہیں گے اور کسی بھی مسئلے یا تجویز کو کھلے دل سے سنا جائے گا۔
PNP
Comments are closed.