by Rao Imran Suleman
Rao Nama

تعلیمی ادارے کب سے کھلیں گے؟ طلبا کے لیے اہم خبر آگئی

اسلام آباد(نیوزڈیسک) نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیم نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کا دورانیہ کم کرتے ہوئے اسکولوں کو 3 اگست 2026 سے دوبارہ کھولنے کی اجازت دی جائے، تاکہ طلبہ کی تعلیم مزید متاثر نہ ہو۔

یہ مطالبہ پرائیویٹ اسکول سلوشنز آف پاکستان کے اجلاس میں سامنے آیا، جس کی صدارت تنظیم کے صدر ملک عبدالصمد نے کی۔ اجلاس میں نجی اسکولوں کو درپیش مسائل، حکومتی پالیسیوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ شیڈول کے مطابق تعلیمی ادارے 24 اگست کو کھلنے ہیں، تاہم اتنی طویل تعطیلات سے طلبہ کی پڑھائی متاثر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسکول 3 اگست سے کھولنے کی اجازت مل جائے تو تعلیمی نقصان میں کمی آئے گی اور نصاب بروقت مکمل کیا جا سکے گا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تعلیمی سرگرمیوں کی جلد بحالی سے تدریسی نظام معمول کے مطابق چل سکے گا اور طلبہ کو اضافی تعلیمی دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

اس موقع پر ملک عبدالصمد نے غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے بلا رکاوٹ اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھ سکیں۔

یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے سرکاری اور نجی اسکولوں و کالجوں کے لیے 22 مئی 2026 سے 23 اگست 2026 تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔ سرکاری شیڈول کے مطابق تمام تعلیمی ادارے 24 اگست 2026 سے دوبارہ کھلیں گے، جبکہ تعطیلات میں کمی کے حوالے سے اب تک حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

PNP

Comments are closed.