روس کے میزائل اور ڈرون حملے، یوکرین میں دو بچوں سمیت 7 افراد ہلاک
یوکرینی حکام کے مطابق روس کی جانب سے کیے گئے تازہ میزائل اور ڈرون حملوں میں دو بچوں سمیت کم از کم سات افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یوکرین کی فوج نے بتایا کہ جمعرات کی علی الصبح ملک کے مختلف علاقوں میں میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے، جن کے بعد کئی شہروں میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔
مقامی حکام کے مطابق وسطی یوکرین کے شہر کریوی ریہ کے قریب ایک گاؤں میں ایک بیلسٹک میزائل رہائشی مکان پر آ گرا، جس کے نتیجے میں پانچ اور بارہ سال کی دو بچیوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ دو بچوں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔
دارالحکومت کیف میں بھی ایک حملے کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی، جبکہ مغربی شہر لویف میں دھماکوں کے بعد متعدد رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے حالیہ دنوں خبردار کیا تھا کہ روس بڑے پیمانے پر حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا تھا کہ فضائی حملے کے انتباہات کو سنجیدگی سے لیں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔
دوسری جانب یوکرین کی جانب سے فضائی دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ حالیہ دنوں صدر زیلنسکی نے امریکا سے جدید دفاعی نظام کے حوالے سے مزید تعاون کی درخواست بھی کی تھی۔
روس اور یوکرین کی جانب سے جاری جنگ کے دوران سامنے آنے والے فوجی دعوؤں اور نقصانات کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی ہے۔
PNP
Comments are closed.