by Rao Imran Suleman
Rao Nama

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی صدر جائیکا سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق

—فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا 

وزیرِاعظم شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے 9 رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون، معاشی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں میں شراکت داری پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشکل معاشی چیلنجز پر ٹیم ورک سے قابو پا لیا ہے، حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں صرف 3 برس میں سرکاری محصولات دگنی ہوئیں، اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور امید ہے کہ جائیکا کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر، تکنیکی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا، خواتین کو بااختیار بنانا اور معدنیات کے شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

انہوں نے معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں جائیکا کے تکنیکی تعاون کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی کے لیے سمیڈا کو فعال اور مؤثر ادارہ بنایا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے جاپان میں حالیہ زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار بھی کیا جس پر ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ 

ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر اظہارِ تشکر کیا۔

جائیکا کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور جائیکا کے درمیان تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے اور ادارہ مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

ڈاکٹر تاناکا نے کہا کہ جاپان سمیت عالمی برادری مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ملاقات میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، مصدق ملک، حنیف عباسی، اویس لغاری، وزیرِ مملکت شزا فاطمہ خواجہ جبکہ معاونین خصوصی طارق فاطمی اور ہارون اختر بھی شریک تھے۔



PNP

Comments are closed.