یوکرین کا روس کی دو آئل ریفائنریوں پر حملے کا دعویٰ
کیف: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی دفاعی افواج نے روس میں واقع دو اہم آئل ریفائنریوں کو نشانہ بنایا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں زیلنسکی نے کہا کہ حملوں میں یاروسلاول میں قائم سلاو نیفٹ-یانوس آئل ریفائنری اور باشکورتوستان میں موجود باشنیفٹ-نووائل ریفائنری کو ہدف بنایا گیا۔
اس سے قبل روسی میڈیا اور مقامی ذرائع کی جانب سے اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ یاروسلاول آئل ریفائنری کے علاقے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جس کے بعد حملے کی اطلاعات گردش کرنے لگیں۔
دوسری جانب یاروسلاول کے گورنر میخائل ایورایف نے کہا کہ علاقے پر حملہ کرنے والے یوکرینی ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔ ان کے مطابق گرنے والے ملبے کے باعث تین رہائشی مکانات میں آگ لگ گئی، تاہم مزید نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
صدر زیلنسکی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یوکرین نے بحیرہ اسود میں روس کی دو فوجی گشتی کشتیوں اور روس کے مبینہ “شیڈو فلیٹ” سے منسلک بعض جہازوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
روس کی جانب سے یوکرین کے ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق یا مکمل تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئی ہیں۔
PNP
Comments are closed.