وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملتوی، اب 20 ستمبر کو ہوگا
اسلام آباد (پی این پی)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کی تاریخ تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پہلے یہ امتحان 16 اگست 2026 کو منعقد ہونا تھا، تاہم اب اسے ملتوی کرتے ہوئے 20 ستمبر 2026 کو لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی ایم اینڈ ڈی سی کا کہنا ہے کہ امتحان کی نئی تاریخ مقرر کرنے کا مقصد ٹیسٹ کے انعقاد کو مزید شفاف، محفوظ، منظم اور امیدواروں کے لیے سہل بنانا ہے، تاکہ تمام انتظامات بہتر انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے، جبکہ امتحان سے متعلق دیگر تمام قواعد، شرائط اور انتظامی امور پہلے کی طرح برقرار رہیں گے۔ اگر آئندہ کسی مزید تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس بارے میں الگ سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے امیدواروں، والدین، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ امتحان سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے کونسل کی سرکاری ویب سائٹ اور مستند ذرائع سے مسلسل آگاہی حاصل کرتے رہیں۔
کونسل نے امتحان مؤخر ہونے سے پیدا ہونے والی ممکنہ دشواری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امیدواروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور صبر کو سراہا ہے۔
PNP
Comments are closed.