کراچی (پی این پی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پریمیم پرائز بانڈز کی فروخت کے حوالے سے نیا نظام نافذ کرتے ہوئے کمرشل بینکوں کو اہم ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام کمرشل بینکوں کو پریمیم پرائز بانڈز کی فروخت کی رقم اسی روز سیٹل کرنے کی ہدایت کردی۔جاری سرکلر میں کہا گیا کہ پریمیم پرائز بانڈز کی فروخت کے لین دین کی رپورٹنگ کے موجودہ طریقہ کار کا جائزہ لینے کے بعد نیا نظام نافذ کیا گیا ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت بینک پریمیم پرائز بانڈز کی فروخت کی تفصیلات مقررہ وقت کے اندر ڈیٹا ایکوزیشن پورٹل کے ذریعے رپورٹ کریں گے، جس کے بعد اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن رپورٹ کی گئی فروخت کی رقم کی بنیاد پر متعلقہ بینک اکاؤنٹ سے روزانہ رقم منہا کرے گا۔
اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی بینک فروخت کی رقم اسی روز سیٹل کرنے میں ناکام رہا تو تاخیر کے دوران رقم استعمال کرنے پر چارجز ادا کرنا ہوں گے۔ یہ چارجز تاخیر کے ہر دن کے لیے SBP کی اوور نائٹ ریورس ریپو سیلنگ ریٹ کے مطابق عائد کیے جائیں گے۔ان چارجز کا حساب اور وصولی اسٹیٹ بینک کراچی آفس کرے گا، جبکہ متعلقہ بینک اکاؤنٹ سے رقم منہا کرکے سنٹرل (نان فوڈ) اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
اسٹیٹ بینک نے مزید واضح کیا کہ فروخت، انکیشمنٹ یا منتقلی کے لین دین کی غلط، تاخیر سے یا نامکمل رپورٹنگ کے باعث اگر منافع یا انعامی رقم غلط طور پر ادا ہوئی تو اس کی مکمل ذمہ داری متعلقہ بینک پر ہوگی۔ تاہم جہاں قابل اطلاق ہو، انکم ٹیکس کی رقم میں ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔
PNP
Comments are closed.