بھارتی کرکٹر اور انڈین پریمیئر لیگ میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کرنے والے ابھشیک پورل کو ایک میڈیکل طالبہ کی شکایت پر زیادتی، مجرمانہ دھمکیوں اور دیگر سنگین الزامات کے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے ابھشیک پورل کی گرفتاری کی تصدیق بھی کر دی ہے، یہ مقدمہ رواں سال جون میں ایک میڈیکل طالبہ کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔
شکایت کنندہ خاتون کا الزام ہے کہ میں گزشتہ 3 سال سے ابھشیک پورل کے ساتھ تعلقات میں تھی، ابھشیک پورل نے مجھ سے شادی کا وعدہ کیا اور اسی وعدے کی بنیاد پر میرے ساتھ جنسی تعلق قائم کیا تاہم بعد میں شادی سے انکار کرتے ہوئے مجھ سے دوری اختیار کرنا شروع کر دی۔
خاتون نے الزام عائد کیا کہ پورل نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا اور مجرمانہ دھمکیاں بھی دیں، پولیس نے شکایت موصول ہونے کے بعد تحقیقات شروع کر دی تھیں۔
بعد ازاں کلکتہ ہائی کورٹ نے پولیس کو اس مقدمے میں ابھشیک پورل کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کرکٹر کو حراست میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابھشیک پورل ماضی میں ان الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 27 سالہ بائیں ہاتھ کے بلے باز ابھشیک پورل نے 2023ء سے دہلی کیپٹلز کے لیے انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کی تھی، گزشتہ سیزن میں کرکٹر نے دہلی کیپٹلز کی جانب سے 4 اننگز میں 108 رنز بنائے تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ خاتون کی جانب سے کرکٹر پر لگائے گئے الزامات ابھی عدالت میں ثابت نہیں ہوئے اور مقدمے پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔
PNP
Comments are closed.