ایران جنگ کا اثر، ٹرمپ کی مقبولیت موجودہ دورِ صدارت کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی
ایران کے ساتھ جاری جنگ کے اثرات امریکی سیاست پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عوامی مقبولیت ان کی موجودہ مدتِ صدارت کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
رائٹرز اور اپسوس کے تازہ سروے کے مطابق 33 فیصد امریکی شہریوں نے ٹرمپ کی صدارتی کارکردگی کی منظوری دی، جبکہ 64 فیصد نے ان کی کارکردگی سے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ اس سے قبل رواں ماہ ہونے والے سروے میں ٹرمپ کی منظوری کی شرح 35 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
سروے کے نتائج کے مطابق ایران کے ساتھ جنگ اور اس کے معاشی اثرات امریکی عوام میں تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔ تقریباً 80 فیصد شرکا کا خیال ہے کہ ایران میں امریکی فوجی مداخلت طویل عرصے تک جاری رہ سکتی ہے۔
اس خدشے کا اظہار سیاسی جماعتوں کے حامیوں میں بھی بڑی تعداد نے کیا۔ ڈیموکریٹ ووٹرز میں 87 فیصد جبکہ ریپبلکن ووٹرز میں 71 فیصد افراد نے جنگ کے طویل ہونے کا امکان ظاہر کیا۔
صرف 16 فیصد امریکیوں نے رائے دی کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی چند ہفتوں میں ختم ہوسکتی ہے۔
سروے میں ایران کے خلاف جنگ کی عوامی حمایت بھی محدود نظر آئی۔ ہر پانچ میں سے صرف ایک امریکی شہری نے فوجی کارروائی کو قابلِ جواز قرار دیا، جبکہ ریپبلکنز میں بھی تقریباً نصف افراد نے جنگ کو درست فیصلہ قرار دیا۔
ایران کے ساتھ جنگ کے ساتھ تیل اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو بھی ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی کی ایک اہم وجہ قرار دیا جارہا ہے۔ بڑھتی ہوئی توانائی کی قیمتیں امریکی شہریوں کے گھریلو بجٹ اور معیشت سے متعلق خدشات میں اضافہ کررہی ہیں۔
نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل موجودہ صورتحال ریپبلکن پارٹی کے لیے بھی چیلنج بن رہی ہے۔ ڈیموکریٹس ایوان نمائندگان میں ریپبلکن اکثریت ختم کرنے کے ساتھ سینیٹ میں بھی اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے امکانات دیکھ رہے ہیں۔
معیشت کے معاملے میں تازہ سروے میں ڈیموکریٹس کو معمولی برتری حاصل ہوئی۔ 38 فیصد ووٹرز نے کہا کہ ڈیموکریٹس معیشت بہتر انداز میں چلا سکتے ہیں، جبکہ 35 فیصد نے ریپبلکنز کو ترجیح دی۔
امیگریشن کے معاملے میں ریپبلکنز اب بھی معمولی برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ سروے کے مطابق 40 فیصد ووٹرز نے ریپبلکنز جبکہ 38 فیصد نے ڈیموکریٹس کی پالیسیوں کو بہتر قرار دیا۔ تاہم یہ فرق ٹرمپ کی صدارت کے دوران اس معاملے پر ریپبلکنز کی کم ترین برتری میں شمار ہوتا ہے۔
جنوری 2025 میں امیگریشن کے معاملے پر ریپبلکنز کو ڈیموکریٹس کے مقابلے میں 26 فیصد پوائنٹس کی برتری حاصل تھی، جو اب نمایاں طور پر کم ہوگئی ہے۔
سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران جنگ، توانائی کی بڑھتی قیمتیں اور معاشی خدشات امریکی عوام کی سیاسی ترجیحات پر اثر انداز ہورہے ہیں، جبکہ آنے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل یہ عوامل ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی کے لیے اہم سیاسی چیلنج بن سکتے ہیں۔
PNP
Comments are closed.