by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پسند کی شادی کرنا جرم بن گیا، گلشن حدید میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق، شوہر سمیت 2 افراد شدید زخمی

کراچی(پی این پی)گلشن حدید میں گاڑی میں سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے موٹرسائیکل پر سوار افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بیوی جاں بحق اور شوہر سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

 نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سٹیل ٹاؤن تھانے کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ اٹک پیٹرول پمپ کے قریب سفید رنگ کی آلٹو گاڑی میں سوارنامعلوم مسلح ملزمان نے موٹرسائیکل سوار افراد پراندھا دھند فائرنگ کردی اورموقع سے فرارہو گئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار خاتون موقع پر جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہوگئے فائرنگ سے جاں بحق خاتون اور زخمی افراد کو فوری طورپرپہلے قریبی ہسپتال اوربعدازاں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ 
پولیس کے مطابق فائرنگ پسند کی شادی کرنے پرمبینہ طور پر مقتولہ خاتون کے گھر والوں کی جانب سے کی گئی،  جاں بحق خاتون کی شناخت فاطمہ زہرا ولد منیر شاہ اورشدید زخمیوں کی شناخت اکبرعلی ولد شاہد علی اورعمیر ولد سمیع اللہ کے نام سے کی گئی، فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پرطلب کرلیا۔

 ایس ایچ او سٹیل ٹاؤن جاوید ابڑو کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق خاتون فاطمہ زہرا اورشدید زخمی اکبرعلی آپس میں میاں بیوی ہیں جبکہ زخمی عمیر ان کے ساتھ موجود تھا، فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق اورزخمی میاں بیوی نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی اورعدالت میں بھی ان کا کیس چل رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق اور زخمی افراد ٹھٹھہ دھابیجی میں واقع اپنی رہائش گاہ سے کورنگی ڈھائی جا رہے تھے کہ گلشن حدید لنک روڈ اٹک پیٹرول پمپ کے قریب گاڑی میں سوارافراد کی جانب سے ان پر فائرنگ کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ پسند کی شادی کرنے پرمبینہ طورپرمقتولہ خاتون کے گھروالوں کی جانب سے کی گئی، فائرنگ کے واقعے میں زخمی شوہراکبر علی کو 6 اورساتھی عمیر کو 2 گولیاں لگیں ہیں، زخمی شوہر کی حالت بھی انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے، پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔



PNP

Comments are closed.