کراچی (پی این پی) پاکستانی روپے نے جمعرات کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں معمولی بہتری کا سلسلہ جاری رکھا اور انٹربینک مارکیٹ میں اس کی قدر میں 0.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروباری دن کے اختتام پر پاکستانی روپیہ 277.57 روپے فی ڈالر پر بند ہوا جس کا مطلب ہے کہ مقامی کرنسی کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 3 پیسے کا اضافہ ہوا۔اس سے ایک روز قبل بدھ کو ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 277.60 روپے پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب امریکی ڈالر کو جمعرات کو بھی نمایاں دباؤ کا سامنا رہا اور اس کی قدر 3 ماہ کی کم ترین سطح کے قریب رہی۔
6 بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر جانچنے والا ڈالر انڈیکس 98.938 کی سطح پر رہا، جو مئی کے وسط کے بعد اس کی کم ترین سطح کے قریب ہے۔یورو کی قدر بھی بڑھ کر 1.1676 ڈالر ہوگئی جو مئی کے آخر کے بعد اس کی بلند ترین سطح ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے طویل مدت میں میچور ہونے والے بانڈز کی خریداری کے ذریعے مارکیٹ میں لیکویڈیٹی فراہم کرنے کی کارروائیوں کو دگنا کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان امریکی بانڈز کی قیمتوں میں شدید کمی کے بعد سامنے آیا، جس کے نتیجے میں 30 سالہ امریکی ٹریژری بانڈ کی شرح منافع 19 سال کی بلند ترین سطح 5.337 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔بدھ کے اعلان کے بعد یہ شرح 9 بیسس پوائنٹس کم ہوکر 5.184 فیصد پر آگئی۔
PNP
Comments are closed.