by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ڈیزل کی قیمت میں کمی سندھ حکومت کا بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کا حکم

کراچی (پی این پی) سندھ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کا حکم دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل ’’اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی ہے کہ ڈیزل 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کا فائدہ مسافروں کو منتقل کیا جائے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے بسوں، منی بسوں، کوچز، وینز سمیت پبلک سروس ویکلز کے کرایوں میں کمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام گاڑیوں، بس اڈوں پر نئے کرایوں کی فہرست نمایاں آویزاں کی جائیں۔

علاوہ ازیں ٹرانسپورٹ حکام کو روزانہ کی بنیاد پر روڈ چیکنگ، گاڑیوں کی جانچ کا بھی حکم دیا گیا ہے اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی پر جرمانے، روٹ پرمٹ معطلی، فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ کی کارروائی ہوگی۔

متعلقہ حکام کو روزانہ عملدرآمد رپورٹ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کو جمع کروانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

 واضح رہے کہ گزشتہ روز ہائی اسپیڈ ڈیزل 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔



PNP

Comments are closed.