by Rao Imran Suleman
Rao Nama

یوکرین میں ڈرون حملہ،شاپنگ سینٹر تباہ،16 افراد ہلاک

یوکرین کے شہر کریوی ریہ میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک شاپنگ سینٹر کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ امدادی کارکنوں نے رات بھر ملبے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھی۔

مقامی حکام کے مطابق واقعے میں کم از کم 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 130 افراد زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 9 افراد تاحال لاپتا ہیں اور ملبے میں مزید افراد کے موجود ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں 23 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 29 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ امدادی کارروائی کے دوران مزید لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ دو مرحلوں میں کیا گیا اور دوسرے مرحلے میں جائے وقوعہ پر موجود امدادی کارکنوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں شاپنگ سینٹر کے قریب پہلے سے لگی آگ کے دوران ایک اور ڈرون کو عمارت سے ٹکراتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

روسی فوج کی جانب سے واقعے پر فوری طور پر کوئی براہ راست بیان سامنے نہیں آیا۔ تاہم روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس کی کارروائیوں میں ٹرانسپورٹ سے متعلق تنصیبات اور گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔

یوکرین کے دیگر علاقوں میں بھی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ دارالحکومت کیئو میں ایک گودام میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوا، جبکہ زاپوریژیا میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ لاپتا افراد کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔



PNP

Comments are closed.