by Rao Imran Suleman
Rao Nama

راولپنڈی:کمسن بچی سے نازیبا حرکات والا ملزم نیفے میں گولی چلنے سے زخمی

اسلام آباد (پی این پی) راولپنڈی میں چار سالہ بچی سے مبینہ نازیبا حرکات کے مقدمے میں مطلوب شخص گرفتاری کے دوران اپنی ہی پستول سے چلنے والی گولی لگنے کے باعث زخمی ہوگیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق سی سی ڈی حکام نے بتایا کہ ملزم کی شناخت عثمان طارق کے نام سے ہوئی ہے، جس پر دو روز قبل تھانہ وارث خان کی حدود میں محلہ حکمداد کے مقام پر چار سالہ بچی سے مبینہ نازیبا حرکات کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں مبینہ طور پر ملزم کو گلی سے گزرنے والی کمسن بچی کو پکڑتے ہوئے دیکھا گیا۔ بچی نے وہاں سے نکلنے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے دوبارہ پکڑ لیا، جبکہ بچی کے گھر میں داخل ہونے کے بعد وہ بھی اس کے پیچھے گھر کے اندر چلا گیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ وارث خان میں درج کیا گیا تھا۔

سی سی ڈی حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کے دوران عثمان طارق نے اپنی کمر میں لگے پستول کو نکالنے کی کوشش کی، اسی دوران گولی چل گئی اور وہ خود زخمی ہوگیا۔

پولیس نے زخمی ملزم کو حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرکے تحویل میں لے لیا گیا۔

ڈی او سی سی ڈی جاوید احمد مرزا کے مطابق کیس میں دستیاب شواہد کی بنیاد پر ملزم کا چالان مکمل کرکے عدالت سے قانون کے مطابق سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

PNP

Comments are closed.