by Rao Imran Suleman
Rao Nama

140 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے بولنگ کرنیوالے کتنے بولرز ہیں؟

—جنگ فوٹو 

پاکستان کے فاسٹ بولر احمد دانیال نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت 8 سے 9 ایسے نوجوان فاسٹ بولرز موجود ہیں جو تسلسل کے ساتھ 140 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے بولنگ کر سکتے ہیں، فاسٹ بولنگ کے شعبے میں پیدا ہونے والا خلاء 100 فیصد ختم کیا جا سکتا ہے۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں جاری نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بولر ڈیولپمنٹ پروگرام میں سخت موسم کے باوجود ٹریننگ جاری ہے، موسم بہت گرم اور حبس زدہ ہے، اس لیے بہت خیال رکھ کر ٹریننگ کرنا پڑ رہی ہے، اس سخت موسم میں تربیت کا فائدہ یہ ہو گا کہ آنے والے سیزن کے لیے مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔

احمد دانیال نے بتایا کہ میں نے حال ہی میں نیشنل چیمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کھیلا اور اس کے لیے تیاری کی تھی، انجریز کی وجہ سے کافی مشکلات رہیں، ڈاکٹر جاوید مغل کے ساتھ بہت کام کیا جس کے بعد اب صحت میں بہت بہتری آئی ہے۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ میں نے 149.6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کا آغاز کیا تھا اور اس وقت میرا رن اپ بھی مختصر تھا، میری اوسط رفتار 145 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، پہلے لائن اور لینتھ کا مسئلہ تھا جس پر اب بہت کام کیا ہے۔

احمد دانیال کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رفتار والے فاسٹ بولرز کا مسئلہ 100 فیصد حل ہونے والا ہے، 8 سے 9 نوجوان فاسٹ بولرز ایسے ہیں جو 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے بولنگ کر سکتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ فاسٹ بولنگ کے شعبے میں پیدا ہونے والا خلاء جَلد ختم ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ 29 سالہ احمد دانیال پاکستان کی جانب سے 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ 

انہوں نے گزشتہ برس ڈیبیو کیا تھا تاہم اس کے بعد فٹنس مسائل کا شکار رہے، اب مکمل فٹ ہو کر ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔



PNP

Comments are closed.