by Rao Imran Suleman
Rao Nama

حکومت سے مذاکرات کامیاب پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان

کراچی (پی این پی) پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل نے ملک بھر میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل ’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز کے الائنس کی 15 تنظیموں “پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل” کے صدر تنویر احمد جٹ، سرپرست کونسل محمد الطاف اور بانی راؤ طاہر خان، مرکزی نائب صدر اشرف گجر، کونسل کے لاہور کے چئیرمین زبیر شاکر باجوہ اور شیخوپورہ کے صدر امجد سندھو سمیت دیگر تنظیمی عہدیداران نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

مرکزی صدر پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل تنویر احمد جٹ نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹر کی نمائندہ تنظیموں کے حکومت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور پورے پاکستان میں فوری طور پر پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں سمیت ہر جگہ گڈز ٹرانسپورٹرز اپنی گارڑیاں چلانا شروع کردیں، وزیراعظم نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے، عبدالعلیم خان ہمارے جائز مطالبات کو خود دیکھ رہے ہیں اور وہ پورے کریں گے لہٰذا ملک کے وسیع تر مفاد میں ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ہمارے 8 کے قریب فوری نوعیت کے مطالبات مانے گئے ہیں، ٹرانسپورٹرز کے باقی مطالبات کے لیے کمیٹیاں بن گئی ہیں، ہم مذاکرات میں تعاون پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شکر گزار ہیں، مطالبات کو سنجیدہ طریقے سے حل کرنے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، سینئر وزیر پنجاب اور وزیر ٹرانسپورٹ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، پورے ملک کے گڈز ٹرانسپورٹر اتحاد ہماری ہڑتال ختم کرنے کے فیصلے پر اعتماد کرے، ہمارے الائنس میں اسلام گڈز ٹرانسپورٹ ایسویسی ایشن خیبر پختونخوا گڈز فیڈریشن سمیت 15 تنظیمین شامل ہیں۔

 تنویر احمد جٹ نے کہا کہ پہیہ جام ہڑتال کی وجہ سے ملک کی بندرگاہیں بند تھیں، کام رک گیا تھا، ہڑتال سے درآمدات اور برآمدات بھی شدید متاثر تھیں، 6 روز کی گڈز ٹرانسپورٹر کی پہیہ جام ہڑتال سے ملک میں اربوں روپے کا نقصان ہورہا تھا، ملک میں کاروبار کے حوالے سے بڑی خطرناک صورت حال ہوگئی تھی، ہڑتال کی وجہ سے سبزیاں اور دالیں، راشن کی سپلائی رک گئی تھی۔

 ان کا کہنا تھا کہ بحران کے حالات میں ہم نے حکومت سے مذاکرات کیے، پیٹرول اور ڈیزل کی روزانہ قیمت مقرر کرنے کے بجائے معاملات طے کرنے کے لیےکمیٹی بنادی گئی ہے اور آج مذاکرات میں ٹول پلازوں کے حوالے سے بھی کچھ فیصلے ہوئے ہیں۔

 صدر پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل نے کہا کہ آج آزادی کا دن ہے اور ہم شہدا سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو دوبارہ پورے ملک کو بند کریں گے اور ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹر خاص طور پر کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم سے ٹرانسپورٹ شروع کردیں، اگر گڈز ٹرانسپورٹرز کو پورے ملک میں کہیں کوئی مسائل آئے تو حل کرائیں گے، اضافی ٹول پلازوں کو کابینہ سے واپس کرائیں گے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ہم سے وعدہ کیا گیا ہے کہ ٹول پلازوں کو آٹو میشن پر لائیں گے، این ایچ ایس او 2000 کی روح کے مطابق عمل کرایا جائے گا اور یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ مزدہ 12 ٹن وزن پر چلے گا، 10 ویلر بڑے کے وزن کو 35 ٹن پر لائے ہیں، ایس آر او 1619 کے تحت بند گاڑیوں کو بینک گارنٹی کے ساتھ ریلیز ہوں گی۔

 تنویر احمد جٹ نے کہا کہ ہم نے ایک سال تک ٹول پلازوں کے ریٹس نہ بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔



PNP

Comments are closed.