by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ہیکرز کا3 برطانوی ائیرپورٹس پر سائبر حملہ،87 لاکھ مسافروں کا ڈیٹا چوری

برطانیہ کے 3 بڑے ائیرپورٹس ایک سائبر حملے کا نشانہ بنے ہیں جس میں ہیکرز نے تقریباً 90 لاکھ افراد کے ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی حاصل کر کے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مانچسٹر، ایسٹ مڈلینڈز اور لندن اسٹینسٹڈ ائیرپورٹس کی مالک کمپنی ‘مانچسٹر ائیرپورٹس گروپ’ (ایم اے جی) نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے اختتام  پر ہیکرز نے صارفین کے رابطے کی تفصیلات، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور پوسٹ کوڈز حاصل کر لیے ہیں۔

مانچسٹر ائیرپورٹس گروپ نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ ہیکرز نے ڈیٹا کی واپسی کے لیے تاوان مانگا تھا تاہم گروپ نے یہ رقم ادا کرنے سے انکار کر دیا۔ ہیکرز کی جانب سے مانگی گئی تاوان کی رقم کو ظاہر نہیں کیا گیا۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی مرحلے پر مسافروں کی حفاظت یا ایوی ایشن سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، جس سسٹم کو ہیک کیا گیا اس میں صارفین کے بینک اکاؤنٹس یا ادائیگیوں کی کوئی تفصیلات موجود نہیں تھیں۔

رپورٹ کے مطابق اس سائبر حملے میں مجموعی طور پر 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا متاثر ہوا، ایم اے جی کا کہنا ہے کہ ہیکرز کے ہاتھ لگنے والے ڈیٹا کا بڑا حصہ صرف ان ای میل ایڈریسز پر مشتمل ہے جو مسافروں نے ائیرپورٹ ٹرمینلز پر مفت وائی فائی استعمال کرنے کے لیے رجسٹر کیے تھے۔

PNP

Comments are closed.