کراچی (پی این پی) سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں ریکروٹمنٹ رولز 2026 نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ،رولز کا باقاعدہ نوٹی فکیشن سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں انتظامی اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور بھرتیوں کے حوالے سے اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں۔
تمام تعلیمی بورڈز میں کابینہ سے منظور شدہ ریکروٹمنٹ رولز 2026 نافذ کیے جائیں گے، جبکہ نئے رولز کا باقاعدہ نوٹی فکیشن سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔
یہ فیصلے وزیر جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت اجلاس میں کیے گئے، جس میں تعلیمی بورڈز کی کارکردگی، انتظامی امور، امتحانات اور ڈیجیٹلائزیشن سمیت مختلف معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ای مارکنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کے لیے آئی ٹی ماہرین کی فوری بھرتیوں کی منظوری بھی دی گئی۔
تمام تعلیمی بورڈز میں ڈائریکٹر آئی ٹی، ویب سائٹ ڈویلپر، سسٹم ایڈمنسٹریٹر اور نیٹ ورک سیکیورٹی ایڈمنسٹریٹر سمیت دیگر ماہرین بھرتی کیے جائیں گے۔
حکام کو تعلیمی بورڈز میں ملازمین کی سنیارٹی لسٹیں فوری طور پر تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس میں تعلیمی بورڈز کی عمارتوں میں فائر سیفٹی کے اقدامات یقینی بنانے اور انتظامی امور کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ کے لیے الگ ریکروٹمنٹ رولز بھی جلد حتمی کیے جائیں گے۔
اس موقع پر امتحانات کے بروقت انعقاد اور نتائج کے بروقت اجرا پر بورڈ چیئرمینز کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں اسناد دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تعلیمی بورڈز میں انتظامی اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی اور شفاف بھرتیوں کے ذریعے امتحانی نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنایا جائے۔
PNP
Comments are closed.