کراچی(پی این پی) میئر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کورنگی میں ایم کیو ایم کا راج تھا، اب ماموں اور مرغا بننے کا وقت ختم ہوچکا ہے، اب کام ہوگا۔
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ کورنگی نمبر 5 فلائی اوور کا افتتاح کردیا۔ تقریب میں چیئرمین کورنگی ٹاؤن نعیم شیخ سمیت پیپلز پارٹی کے ضلعی عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں اب کوئی مرغا نہیں بنے گا، ماموں اور مرغا بننے کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ اب کام کا وقت ہے اور ہم بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کے وژن پر کام کررہے ہیں۔چیئرمین اور صدر نے ہمیشہ یہ سوال پوچھا کہ لوگوں کے لیے کیا کام کیا جارہا ہے۔ ضلع کورنگی وہ علاقہ ہے جہاں ایم کیو ایم کا راج تھا، تاہم اس ضلع میں پیپلز پارٹی نے ہزاروں روڈ بنا کر دیے ہیں۔ کورنگی کازوے، تاج حیدر فلائی اوور اور اب کورنگی لانڈھی فلائی اوور یہاں بنایا گیا۔ کورنگی ڈھائی نمبر برج اور عظیم پورہ فلائی اوور بھی بنائے گئے، جبکہ شاہراہ بھٹو بھی پیپلز پارٹی نے تعمیر کی۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی میں 2 ارب اور لانڈھی میں 2 ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ دیگر صوبے آٹزم کے شعبے میں کام کرنے کی بات کرتے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے 4 سال پہلے آٹزم سینٹر بنایا تھا۔ پیپلز پارٹی کا پیغام ہے کہ کام کرو کیونکہ عوام دیکھ رہی ہے۔ دلوں کو جوڑنے کے لیے سڑک تو بنانی ہے، جبکہ ترقیاتی کام پیپلز پارٹی کی سربراہی میں جاری رہیں گے۔
PNP
Comments are closed.