مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل، مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی
اسلام آباد (نیوزڈ یسک) مغربی ہواؤں کے پاکستان میں داخل ہونے کے بعد محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا آخری اسپیل آج دوپہر کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں اسلام آباد، راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔مری، گلیات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی بارش اور جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔ بارش کے بعد ان علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی آنے اور موسم کے مزید ٹھنڈا و خوشگوار ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع بھی بارشوں کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، پشاور، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
پنجاب میں بھی جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور گجرات کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔دوسری طرف سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم بدستور گرم رہنے کی توقع ہے، تاہم صوبوں کے ساحلی مقامات پر آسمان جزوی طور پر ابرآلود رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 6 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران بالخصوص پہاڑی اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود رہے گا۔
PNP
Comments are closed.