by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی میں صنعتکاروں اور پولیس کا اشتراک، سائٹ صنعتی ایریا میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کا عزم

 کراچی (پی این پی) شہر قائد کے سب سے بڑے  سائٹ صنعتی ایریا کے صنعتکاروں نے صنعتی زون میں امن و امان کی بہتری اور جرائم کی روک تھام کے لیے محکمہ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا عزم ظاہر کیا ہیاور شاہین فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کے جوانوں کو بلٹ پروف جیکٹس، پیٹرولنگ کے لیے موٹر سائیکلیں اور جدید حفاظتی و یونیفارم کِٹ فراہم کرنے کے اقدامات کو امن و امان کے دیرپا قیام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے جس سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

 سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی نے ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ساؤتھ اور ایس ایس پی کیماڑی کی جانب سے امن و امان کی بہتری کے لیے شاہین فورس جیسے اہم اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صنعتی علاقوں میں جرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس اور صنعتکاروں کے درمیان قریبی رابطہ اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ سائٹ ایسوسی ایشن میں قائم سائٹ مانیٹرنگ سیل بھی جرائم کی روک تھام،مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی کے حوالے سے پولیس کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔اور یہ تعاون سائٹ صنعتی علاقے میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔

 عبدالہادی کا کہنا تھا کہ صنعتوں کی بلا تعطل پیداواری سرگرمیوں کے لیے پُرامن اور سازگار ماحول بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ صنعتکاروں اور ورکرز کو جان و مال کا تحفظ حاصل ہوگا تو کاروباری اعتماد بڑھے گا، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی اور صنعتیں اپنی پیداواری صلاحیت کے مطابق کام کرسکیں گی جس سے معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی سرگرمیوں کا تسلسل نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد دے گا بلکہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کو فروغ ملے گا۔



PNP

Comments are closed.