کال سینٹرز کی آڑ میں مبینہ غیر اخلاقی سرگرمیاں،پاکستان سے 36 ویت نامی اور 24 چینی شہری ڈی پورٹ کر دیئے گئے، نام بلیک لسٹ میں شامل
اسلام آباد (پی این پی) غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے سیکڑوں غیر ملکی شہریوں میں سے 61 افراد کو پاکستان سے ڈی پورٹ کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ملک بدر کیے جانے والوں میں 36 ویت نامی، 24 چینی اور ایک ملائیشین شہری شامل ہے۔ کارروائی کے دوران مزید دو چینی باشندوں کو بھی آج رات ملک سے نکالے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد ڈی پورٹ کیے گئے غیر ملکیوں کی مجموعی تعداد 63 ہوجائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی حراست میں 258 غیر ملکی شہری موجود ہیں۔ گرفتار افراد پر غیر قانونی کال سینٹرز کے ذریعے مبینہ طور پر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملک بدر کیے جانے والے تمام افراد کے نام بلیک لسٹ میں شامل کردیے گئے ہیں، جس کے باعث ان کے مستقبل میں پاکستان میں داخلے پر پابندی ہوگی۔
وزارت داخلہ نے متعلقہ غیر ملکی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے کے بعد انہیں پاکستان سے روانگی کے لیے ایگزٹ پرمٹ جاری کیے ہیں۔ حکام کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔
PNP
Comments are closed.