by Rao Imran Suleman
Rao Nama

چین میں طلبا کیلئے 288 میٹر بلند دوسری لفٹ تعمیر

چین کے صوبے یوننان کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں اسکول جانے والے بچوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے ایک اور بلند قامت بیرونی لفٹ تعمیر کردی گئی ہے۔

اس علاقے میں 2022 میں نِژوہے گرینڈ کینین کے مقام پر 268 میٹر بلند لفٹ قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد نِژوہے گاؤں کے بچوں کو خطرناک پہاڑی راستوں پر کئی گھنٹے پیدل سفر سے بچانا تھا۔

مقامی بچوں کو گہری وادی سے گوانژائی ولیج پرائمری اسکول پہنچنے کیلئے ہر تین ہفتے بعد دشوار گزار راستہ طے کرنا پڑتا تھا۔ لفٹ کی سہولت کے باعث ان کے سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہوگیا۔

تاہم منفرد لفٹ سیاحوں کیلئے بھی کشش کا باعث بن گئی اور وہاں رش بڑھنے سے بعض اوقات طلبا کو بھی انتظار کرنا پڑتا تھا۔

بچوں کی سہولت اور رش کم کرنے کیلئے اب پہلی لفٹ کے ساتھ 288 میٹر بلند دوسری پینورامک لفٹ بھی تعمیر کردی گئی ہے۔ نئی لفٹ پہلے کے مقابلے میں زیادہ کشادہ اور تیز رفتار بتائی جاتی ہے، جس سے انتظار کا وقت تقریباً نصف رہ گیا ہے۔

اگرچہ بچوں کو اسکول تک پہنچنے کیلئے لفٹ کے بعد کچھ سفر شٹل اور کیبل کار کے ذریعے بھی کرنا پڑتا ہے، تاہم مجموعی طور پر ان کا سفر تقریباً 30 منٹ میں مکمل ہوجاتا ہے۔

اس سہولت سے قبل صرف پہاڑی راستے پر ایک طرف کا سفر تقریباً تین گھنٹے میں طے کرنا پڑتا تھا۔

PNP

Comments are closed.