امریکا ایران کشیدگی،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں
لندن: امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی تیل مارکیٹ میں بھی بے چینی پیدا کردی ہے۔ مشرق وسطیٰ سے خام تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث رواں ہفتے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 15 سینٹ بڑھ کر 95.67 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں 26 سینٹ اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 91.56 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
ہفتہ وار بنیاد پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں 7.1 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ WTI کی قیمت 9.8 فیصد بڑھ چکی ہے۔ دونوں اقسام کے خام تیل کی قیمتوں میں جولائی کے وسط کے بعد یہ سب سے بڑے ہفتہ وار اضافے میں شمار کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ بڑھنے والی کشیدگی اور خطے میں جاری فوجی سرگرمیوں نے سرمایہ کاروں کے خدشات میں اضافہ کردیا ہے۔ مارکیٹ میں یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں صورتحال مزید خراب ہونے کی صورت میں تیل کی عالمی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے۔
مشرق وسطیٰ عالمی توانائی کی فراہمی کا ایک اہم مرکز ہے، اس لیے خطے میں کسی بھی بڑے تنازع یا سپلائی میں رکاوٹ کے خدشے سے خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ آنے کا امکان ہے۔
PNP
Comments are closed.