by Rao Imran Suleman
Rao Nama

امریکی انتخابات میں مبینہ دھاندلی،بھارتی شہریوں سمیت 28 گرین کارڈ ہولڈرز پر مقدمات

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں امریکی شہری نہ ہونے کے باوجود ووٹر کے طور پر رجسٹریشن کرانے اور انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے الزامات پر گرین کارڈ رکھنے والے 28 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے، جن میں سے 11 کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے بتایا کہ 19 اکتوبر کو انتخابی بدعنوانی کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن کے دوران گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

امریکی حکام کے مطابق تمام ملزمان کے پاس امریکا میں مستقل رہائش کے قانونی اجازت نامے، یعنی گرین کارڈ، موجود ہیں، تاہم وہ امریکی شہری نہیں ہیں اور وفاقی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل نہیں تھے۔ اس کے باوجود ان پر ووٹ کاسٹ کرنے کا الزام ہے۔

حکام کے مطابق بھارتی شہری 30 سالہ اماندیپ کور پر دسمبر 2022 میں غیر قانونی طور پر ووٹر کے طور پر اندراج کرانے اور نومبر 2024 کے صدارتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا الزام ہے۔ ان پر شہریت کی درخواست میں غلط بیانی کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

دوسرے بھارتی شہری 67 سالہ کملیش نوینتل لال شاہ پر نومبر 2024 کے عام انتخابات کے روز غیر قانونی طور پر ووٹر رجسٹریشن کرانے اور ووٹ ڈالنے کا الزام ہے۔

امریکی حکام نے واضح نہیں کیا کہ آیا دونوں بھارتی شہری گرفتار کیے گئے 11 افراد میں شامل ہیں یا نہیں۔

بعض ملزمان کو ووٹر رجسٹریشن کے دوران غلط بیانی کرنے اور شہریت کی درخواستوں میں جھوٹے بیانات دینے کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔

PNP

Comments are closed.