(ن)لیگ سمجھتی ہے کہ صوبوں پر بات کرنا قبل ازوقت ہے،سندھ اسمبلی میں قومی اسمبلی کو غیرضروری طورپرنشانہ بنایا گیا: رانا ثناء اللّٰہ
کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ سمجھتی ہے کہ صوبوں پر بات کرنا قبل ازوقت ہے۔
’’جیو نیوز‘‘ کے پروگرام’’ آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘‘میں گفتگو کے دوران راناثناء اللّٰہ نے کہا کہ صوبوں پر ریفرنڈم کےلیے بھی پہلے پارلیمنٹ میں ہی جانا پڑے گا، جب وقت آئے گا تو مسلم لیگ (ن) ضرور پوزیشن لے گی۔ جو قرارداد سندھ اسمبلی نے منظورکی ویسی ہی قراردادیں پہلے بھی منظور ہوچکی ہیں۔ صوبوں کے معاملے میں کل جو حدت اور شدت پیدا کی گئی وہ غیرضروری تھی۔ سندھ اسمبلی میں تقریرکے دوران قومی اسمبلی کو غیرضروری طورپرنشانہ بنایا گیا۔
وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کیسے کہتے ہیں کہ 26ویں ترمیم پر ہمیں پتہ نہیں تھا۔ 26ویں ترمیم پر مشاورت ہوئی، ڈیڑھ مہینہ تو فضل الرحمان کے گھر کے باہر بیٹھے رہے۔
(ن) لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ کینال کے معاملے پر بھی سندھ میں ہنگامے یا احتجاج ہوئے تھے، مراد علی شاہ اور وفاق سے ہم نے ہی ڈیل کیا تھا۔ یہ معاملہ پیپلز پارٹی کی نہیں سندھ کے لوگوں کی آواز ہے۔ کینال کے معاملے میں بھی پیپلز پارٹی نے تھوڑی تاخیر کی۔ اس کے بعد پیپلز پارٹی کو اس احتجاج میں شامل ہونا پڑا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سیاسی فائدہ لینے اور لوگوں سے اٹیچ ہونے کےلیے قرارداد پیش کی اور تقاریر کیں۔ صوبوں کے معاملے پر اس وقت ایسی کوئی صورت نہیں کہ کسی کو اتنا سخت مؤقف لینے کی ضرورت ہو۔
PNP
Comments are closed.