لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے، 4 افراد جاں بحق، 20 زخمی
بیروت: جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔
لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق حملوں میں نباتیہ الفوقا کے علاقے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ عرب سلیم میں 2 خواتین بھی جان کی بازی ہار گئیں۔ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور 3 بچے بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں حملے حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں کی طرف دو ڈرون بھیجے جانے کے ردعمل میں کیے گئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ڈرون حملوں میں اس کے اہلکاروں کو نقصان نہیں پہنچا۔
اسرائیلی فوج نے حملوں سے قبل عرب سلیم میں ایک عمارت کے اطراف رہنے والے شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔ اسرائیل کا مؤقف تھا کہ مذکورہ عمارت حزب اللہ کے استعمال میں ہے اور اسے نشانہ بنایا جائے گا۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وارننگ کے بعد جس عمارت کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا، اس کے بجائے ایک دوسرے گھر پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق ہوئیں۔ بعد ازاں وارننگ میں بتائی گئی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق نباتیہ الفوقا میں غنڈور ہسپتال کا ایک حصہ بھی فضائی حملے سے متاثر ہوا۔ مذکورہ ہسپتال کئی برس سے غیر فعال تھا۔ نباتیہ شہر میں ایک تاریخی عمارت کے علاوہ مالیاتی اور زرعی محکموں کے دفاتر کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
حالیہ حملوں کے بعد جنوبی لبنان میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، جبکہ خطے میں پہلے سے موجود جنگ بندی کے باوجود اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں اور حملے جاری ہیں۔
PNP
Comments are closed.