ایران کے خلاف جارحیت پر اسلامی ممالک مؤثر اقدامات کریں:عباس عراقچی
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلامی تعاون تنظیم کے نومنتخب سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طٰہٰ سے ٹیلیفونک رابطے میں کہا ہے کہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر اسلامی ممالک کو ذمہ دارانہ اور مؤثر ردعمل دینا چاہیے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق عباس عراقچی نے حسین ابراہیم طٰہٰ کو اسلامی تعاون تنظیم کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت اسلامی دنیا کو درپیش موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کے درمیان اتحاد، تعاون اور باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔
عباس عراقچی نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو خطے کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ طاقت کے استعمال اور جارحانہ اقدامات کے خلاف مؤثر اور ذمہ دارانہ اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ حالات میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور مشترکہ مؤقف پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
دوسری جانب او آئی سی کے نئے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجز اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے باہمی تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔
PNP
Comments are closed.