by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ڈاکوؤں کی فائرنگ، 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی جاں بحق

کراچی(پی این پی) شہر قائد میں منگھو پیر کے علاقے اجتماع گاہ مہران سٹی میں گھر میں ڈکیتی کیلئے داخل ہونے والے مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 17 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

مقتول کی شناخت روشم کے نام سے ہوئی ہے، جو میٹرک کا طالبعلم اور پوزیشن ہولڈر تھا، مقتول 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔مقتول کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 6 مسلح ڈاکو واردات کی نیت سے ان کے گھر میں داخل ہوئے تھے جن میں سے 2 افراد پولیس کی وردی میں ملبوس تھے، ڈاکوؤں کی آہٹ سن کر وہ اپنے کمرے سے باہر آئے، اسی دوران دوسرے کمرے سے ان کا بیٹا بھی باہر نکلا۔ملزمان نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ان کے بیٹے روشم کو سینے میں گولی لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 سے 25 روز سے علاقے میں پولیس یونیفارم میں ملبوس ملزمان وارداتیں کر رہے ہیں، پولیس کو علاقے میں ہونے والی وارداتوں سے پہلے ہی آگاہ کیا تھا، تاہم ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

مقتول کے والد نے اعلیٰ حکام سے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کی تدفین اس وقت تک نہیں کریں گے جب تک ملزمان گرفتار نہیں ہوجاتے، مقتول کی نعش کے ہمراہ نیا ناظم آباد کے باہر احتجاج کیا جائے گا جبکہ اس کے باوجود ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو بلاول ہاؤس کے باہر نعش کے ہمراہ احتجاج کیا جائے گا۔والد نے مطالبہ کیا کہ پولیس فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرے اور علاقے میں پولیس یونیفارم پہن کر وارداتیں کرنے والے گروہ کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔

PNP

Comments are closed.