by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایرانی ریال کی قدر میں تاریخی کمی،ڈالر 23 لاکھ ریال سے تجاوز کرگیا

ایرانی ریال کی قدر میں امریکی ڈالر سمیت بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ایرانی اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر کی قیمت 23 لاکھ ریال سے تجاوز کرگئی۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی ریال کی قدر پاکستانی روپے کے مقابلے میں بھی کم ہوئی ہے۔ ایرانی مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 100 پاکستانی روپے کے بدلے 5 لاکھ 85 ہزار 842 ایرانی ریال مل رہے ہیں، جبکہ گزشتہ روز یہ شرح 5 لاکھ 83 ہزار 516 ریال تھی۔

اسی طرح مرکزی بینک کے نرخ کے مطابق ایک امریکی ڈالر کی قدر 16 لاکھ 19 ہزار 512 ریال سے بڑھ کر 16 لاکھ 24 ہزار 371 ریال ہوگئی۔

ایرانی بلیک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 22 لاکھ 80 ہزار سے 23 لاکھ 10 ہزار ریال تک پہنچ گئی، جبکہ ایک یورو تقریباً 26 لاکھ 50 ہزار سے 26 لاکھ 80 ہزار ریال میں فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دیگر بڑی کرنسیوں کی قدر بھی ایرانی ریال کے مقابلے میں بڑھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک یورو 18 لاکھ 88 ہزار 746 ریال، برطانوی پاؤنڈ 21 لاکھ 99 ہزار 693 ریال، سوئس فرانک 20 لاکھ 7 ہزار 759 ریال، اماراتی درہم 4 لاکھ 42 ہزار 307 ریال اور سعودی ریال 4 لاکھ 33 ہزار 166 ریال کے برابر ہوگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ایرانی مرکزی بینک کی جانب سے مانیٹر کی جانے والی 45 کرنسیوں میں سے 42 کرنسیوں کی قدر ایرانی ریال کے مقابلے میں بڑھی۔

پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں بھی ایرانی ریال کی خرید و فروخت جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنگ کے بعد بعض پاکستانی شہری ایرانی کرنسی کی قدر میں ممکنہ اضافے کی توقع کے پیش نظر ریال خرید رہے ہیں، تاہم گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اس رجحان میں کچھ کمی آئی ہے۔

مارکیٹ میں ایک کروڑ ایرانی ریال کا پیکٹ تقریباً 5 ہزار سے 6 ہزار پاکستانی روپے میں خریدا اور فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ اپریل میں یہی مقدار 8 ہزار سے 10 ہزار روپے تک میں دستیاب تھی۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی اوپن مارکیٹ میں ریال کی قیمت اب بھی مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ سے مختلف ہے۔

PNP

Comments are closed.