کراچی، عمرہ زائرین کے لیے ویکسی نیشن کارڈ کی ڈیڈ لائن مؤخر کرنے کی سفارش

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین کے لیے نادرا سے منسلک ڈیجیٹل ویکسی نیشن کارڈ لازمی قرار دینے کی ڈیڈ لائن ایئرپورٹ انتظامیہ نے مؤخر کرنے کی سفارش کردی ہے۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر محمد قاسم کی جانب سے ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسر کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ ہیلتھ آفس کے 7 ستمبر کے لیٹر کے مطابق 14 ستمبر(پیر) سے بین الاقوامی مسافروں کے لیے نادرا سے مربوط ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دیا جانا تھا، جبکہ اس مقصد کے لیے صرف ایک ڈسپنسری سہولت مختص کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی عوامی صحت کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے، تاہم مناسب پیشگی اطلاع، آپریشنل ہم آہنگی اور مختلف اداروں کے درمیان مطلوبہ رابطے کے بغیر اس ہدایت پر عمل درآمد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سنگین انتظامی اور آپریشنل خطرات پیدا کرسکتا ہے۔
خط کے مطابق 7 ستمبر کو ہونے والے فنکشنل کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں بھی متعلقہ فریقوں نے اس ہدایت پر عمل درآمد کی صورت میں پیدا ہونے والے خدشات سے آگاہ کیا تھا، جبکہ چیئرمین ایئرپورٹ آپریشنز کمیٹی کی جانب سے 11 ستمبر کو بھی ان خدشات پر مناسب غور کرنے کی درخواست کی گئی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے سفارش کی ہے کہ ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی قرار دینے کی ڈیڈ لائن کم از کم یکم اکتوبر 2026 تک مؤخر کی جائے تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مسافروں کے لیے قابل عمل اور مؤثر طریقہ کار حتمی شکل دیا جاسکے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزارت صحت کےماتحت اتھارٹی نے صرف کراچی ائیرپورٹ سے عمرہ پر جانے والوں کیلئے پولیو کے علاوہ اضافی ویکسینیشن کی شرط رکھ دی ہے، جس سے نہ صرف عمرہ زائرین بلکہ ائیر لائنز کیلئے بھی مشکلات کھڑی ہونے کا خدشہ ہے۔
PNP
Comments are closed.