کراچی ( پی این پی ) کراچی میں انفلوئنزا اور کورونا کیسز میں اضافے کی شکایات سامنے آئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں انفلوئنزا کے کیسز میں 20 فیصد اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔’’جنگ ‘‘ کے مطابق ماہرِ امراضِ تنفس ڈاکٹر جاوید خان نے بتایا کہ کراچی میں کورونا کے کیسز بھی مستقل رپورٹ ہو رہے ہیں اور ہر ہفتے 3 سے 4 کیسز سامنے آ رہے ہیں، موجودہ کورونا کیسز زیادہ تر ہلکی نوعیت کے ہیں اور مریض ہلکے نمونیا کے ساتھ ہسپتال آتے ہیں، کورونا کے بیشتر مریض 2 سے 3 روز میں صحت یاب ہو جاتے ہیں۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران انفلوئنزا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، نجی ہسپتالوں میں انفلوئنزا کی ویکسین لگائی جاتی ہے، رواں سال ویکسین تاحال دستیاب نہیں جس کے باعث ہر سال انفلوئنزا ویکسین لگوانے والے افراد ویکسین کے منتظر ہیں۔
ڈاکٹر جاوید خان کے مطابق انفلوئنزا اور کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاط ضروری ہے، بخار، کھانسی یا نزلہ زکام کی صورت میں دوسروں سے فاصلہ رکھا جائے اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر ماسک کا استعمال کیا جائے۔ ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھونا چاہیے، غیر ضروری طور پر آنکھ، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کیا جائے جبکہ بیمار افراد ہجوم اور غیر ضروری اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔
PNP
Comments are closed.