سرکاری جہاز کے ذاتی استعمال پر مریم نواز کو 2 کروڑ 93 لاکھ سے زائد کا چالان جاری
لاہور (پی این پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سرکاری طیارے کے مبینہ نجی استعمال اور اس پر آنے والے اخراجات کے حوالے سے ایک نیا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
صحافی و تجزیہ کار سید عمران شفقت کے مطابق پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ کے ذاتی سفر سے متعلق سرکاری طیارے کے اخراجات کا حساب مکمل کرکے ایک چالان تیار کیا ہے، جس کا نمبر 32-A بتایا گیا ہے۔
ان کے دعوے کے مطابق برطانیہ کے نجی دورے کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال پر مریم نواز کو مجموعی طور پر 2 کروڑ 93 لاکھ 65 ہزار 976 روپے ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن یا پنجاب حکومت کے ترجمان کی جانب سے تاحال چالان نمبر 32-A اور مذکورہ رقم سے متعلق کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
اسی معاملے پر صحافی و تجزیہ کار رضوان رضی نے ذمہ دار ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز شریف نے برطانیہ کے دورے کے دوران سرکاری طیارے پر آنے والے تمام اخراجات کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے کیے گئے دعوے میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کے اخراجات میں پرواز، لینڈنگ، پارکنگ اور دیگر متعلقہ واجبات شامل ہیں۔
رضوان رضی کے مطابق امکان ہے کہ ان اخراجات سے متعلق مصدقہ دستاویزات منگل تک میڈیا اور عوام کے سامنے پیش کردی جائیں گی، جس کے بعد معاملے سے متعلق جاری قیاس آرائیوں کو ختم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
PNP
Comments are closed.